حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ملتان/ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ کے زیراہتمام ملتان کے مقامی ہال میں ''وحدت اُمت'' کانفرنس بعنوان لبیک یا غزہ، لبیک یا اقصیٰ منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت سربراہ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ سید جواد نقوی نے کی۔
کانفرنس میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، نائب امیر جماعت اسلامی و جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ، پیر معین الدین کوریجہ، حافظ محمد اسلم، صہیب عمار صدیقی، حافظ اللہ دتہ کاشف، علامہ ظفر حسین حقانی، علامہ عظیم حر نجفی، ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اور ہال لبیک یا اقصیٰ، لبیک یا غزہ کے نعروں سے گونج اُٹھا۔ اس اجتماع میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں سے عوام کی بڑی تعداد نے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے شرکت کی۔
کانفرنس سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے سید جواد نقوی نے کہا کہ آج کربلائے فلسطین میں حسینی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنا ہمارا فرض ہے کیونکہ ظالم کے ظلم پر خاموش رہنا ظلم کے برابر ہے۔
کانفرنس کے دوران فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور وحدت اُمت کے فروغ پر زور دیا گیا۔